اگر میں لیاری کی عوام کے لیے بات کروں اور لوگ سمجھیں میری بے عزتی ہوئی ہے تو مجھے یہ بے عزتی قبول ہے'
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نبیل گبول نے اپنی اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کی وائرل ویڈیو پر وضاحتی بیان جاری کردیا۔
نبیل گبول نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ 'میں ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا کی زینت بن چکا ہوں اور مجھے علم ہوا کہ دنیا بھر میں میرے کتنے چاہنے والے ہیں، میرا یمان ہے جب آپ کے خلاف دنیا اٹھ کھڑی ہوتی ہے اور خصوصاً جب آپ کے مخالفین اس قسم کی سازشیں کرکے آپ کی بدنامی کریں اور بے عزتی کریں تو اوپر اللہ کی ذات بیٹھی ہے جو ایسے وقت میں اس بندے کی مدد کرتا ہے اور راستہ نکالتا ہے'۔
رہنما پی پی نے واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ 'میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی حلف برداری کی تقریب میں چیئرمین بلاول سے میری ملاقات ہوئی اور انہوں نے بہت خوشگوار موڈ میں مجھ سے بات کی، میں نے ان کو لیاری میں ہونے والی 16 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے متعلق بتایا اور کہا اس میں آپ ذاتی دلچسپی لیں'۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 'جواب میں چیئرمین پی پی نے یقین دہانی کرائی کہ انہیں لیاری کے لوگوں کا احساس اور درد ہے ، اگر کسی نے مکمل ویڈیو سوشل میڈیا پر لگائی ہو تو اس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلاول بھٹو نے وزیر اعلیٰ سے کہا کہ کے الیکٹرک کے سی ای او کو بلائیں اور میں کل اسلام آباد سے واپس آکر میٹنگ کرنا چاہوں گا'۔
ویڈیو بیان میں نبیل گبول کا کہنا تھا کہ 'اتنے میں ڈپٹی میئر آئے تو بلاول کو کھڑا ہونا پڑا، جس پر میں نے کہا آپ ناصرف کے الیکٹرک کے سی ای او کو بلائیں بلکہ سوئی گیس کے ایم ڈی کو بھی بلائیں کیونکہ لیاری میں سوئی گیس نہیں ہے'۔
نبیل گبول نے کہا 'اس کے بعد بلاول نے لائٹر موڈ میں کہا یہاں ساری باتیں نہیں ہوں گی، بعد میں تم سے ملوں گا، وہاں بات کرتے ہیں'۔
انہوں نے کہا 'صرف اتنی سی بات تھی لیکن سوشل میڈیا پر غلط باتیں پھیلائی گئیں، اگر میں لیاری کی عوام کے لیے بات کروں اور لوگ سمجھیں میری بے عزتی ہوئی ہے تو مجھے یہ بے عزتی قبول ہے'۔
0 تبصرے