اسلام آباد کی فضائی حدود میں دو مشتبہ ڈرون مار گرائے گئے، ایئرپورٹ پر پروازیں عارضی طور معطل: سیکیورٹی ذرائع

اسلام آباد کی فضائی حدود میں دو مشتبہ ڈرون مار گرائے گئے، ایئرپورٹ پر پروازیں عارضی طور معطل: سیکیورٹی ذرائع

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے فیض آباد پل کے قریب فضا میں پرواز کرنے والے 2 یو اے ویز (ڈرون) کو ایئر ڈیفنس سسٹم کے ذریعے ناکارہ بنا دیا گیا۔ سینئر سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اسلام آباد کی حدود میں ایک مشتبہ ڈرون مار گرایا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈرون مقامی نوعیت کے تھے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ افغانستان سے آئے تھے۔ ذرائع کے مطابق اس واقعے کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ کو کچھ دیر کے لیے پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا، تاہم بعد میں دوبارہ کھول دیا گیا۔ جمعے کی شام اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے فیض آباد پل کے قریب فضا میں اڑنے والے 2 مشتبہ ڈرون مار گرائے گئے، جس کے بعد دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتبہ ڈرون کو ناکارہ بنا کر مار گرایا گیا، جس کے بعد اسلام آباد کی فضائی حدود کو کلیئر قرار دے دیا گیا اور ایئرپورٹ سے پروازوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق بحال کر دی گئی۔ اس حوالے سے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آپریشنل وجوہات کی بنا پر کچھ دیر کے لیے فلائٹ آپریشن میں معمولی آپریشنل ایڈجسٹمنٹ کی گئی تھی۔ بیان میں بتایا گیا کہ ایئرپورٹ پر اب تمام پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں اور مسافروں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی پروازوں سے متعلق معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائن سے رابطہ کریں۔ دوسری جانب اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا کہ شہر میں ڈرون گرنے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور شواہد جمع کیے جا رہے ہیں، جس کے بعد میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان گزشتہ تین ہفتوں سے سرحدی کشیدگی جاری ہے اور پاکستان ایئر فورس نے گزشتہ روز بھی افغانستان کے مختلف شہروں پر فضائی کارروائیاں کی تھیں۔