کراچی بدامنی کی لپیٹ میں، شہر سب سے زیادہ غیر محفوظ ہو چکا ہے: امیرِ جماعتِ اسلامی

منعم ظفر خان کا کہنا ہے کہ کراچی میں مسلسل سانحات اور ناقص انتظامات نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

کراچی بدامنی کی لپیٹ میں، شہر سب سے زیادہ غیر محفوظ ہو چکا ہے: امیرِ جماعتِ اسلامی

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اس وقت کراچی ملک کا سب سے زیادہ غیر محفوظ شہر بن چکا ہے، جہاں روزانہ سانحات جنم لے رہے ہیں اور جنازے اٹھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گل پلازا حادثے کو دو ہفتے گزرنے کے باوجود شہداء کی باقیات تاحال ورثاء کے حوالے نہیں کی گئیں، جبکہ سرکاری طور پر 87 ہلاکتوں کا دعویٰ کیا گیا۔ منعم ظفر خان نے الزام عائد کیا کہ اس سانحے نے پیپلز پارٹی کی بدعنوانی اور ناقص حکمرانی کو بے نقاب کر دیا ہے، صوبے کے تمام متعلقہ محکمے مکمل طور پر ناکام نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فائر بریگیڈ کے پاس حفاظتی لباس تک موجود نہیں، ریسکیو 1122 آلات کی کمی کا شکار ہے جبکہ سول ڈیفنس اور پی ڈی ایم اے جیسے ادارے عملی طور پر مفلوج ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میئر کراچی اور وزیرِ اعلیٰ اخلاقی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی ہو جائیں، جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے اربوں روپے کے کاغذی پیکجز اور ترقیاتی دعوؤں کو محض دکھاوا قرار دیا۔