پولیس اسٹیشن میں خواتین سے زیادتی کا الزام، ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور کی ترديد

خواتین کے ساتھ نازیبا سلوک کی جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں؛ایس ایس پی انوش مسعود

پولیس اسٹیشن میں خواتین سے زیادتی کا الزام، ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور کی ترديد

سینئر سپرینٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) انویسٹی گیشن لاہور ڈاکٹر انوش مسعود نے پولیس اسٹیشن میں خواتین سے بدسلوکی کے الزامات مسترد کر دیے۔ ایس ایس پی انوش مسعود کا کہنا تھا کہ خواتین پولیس اسٹیشنز میں تمام اسٹاف فی میل ہی ہوتا ہے، خواتین کے ساتھ نازیبا سلوک کی جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور ڈاکٹر انوش مسعود کا کہنا تھا کہ کوٹ لکھپت جیل میں جہاں خواتین کو رکھتے ہیں وہاں مرد حضرات کو جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ انھوں نے مزید کہا کہ 9مئی کو ہونے والے واقعات میں ملوث لوگوں کو شناخت کر کے گرفتارکیاگیا۔ گزشتہ روز ویڈیو لنک سے خطاب کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الزام عائد کیا کہ خبریں آرہی ہیں کہ خواتین سے جیلوں میں زیادتی ہوئی ہے، عدلیہ اس معاملے کا نوٹس لے اور خواتین کو رہا کرائے۔