بلوچستان میں دہشتگردی کو کاری ضرب، سیکیورٹی فورسز کا فیصلہ کن ردِعمل، 108 دہشتگرد ہلاک، 10 جوان شہید

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں متعدد حملے ناکام بنا کر فتنہ الہندوستان کے 108 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

بلوچستان میں دہشتگردی کو کاری ضرب، سیکیورٹی فورسز کا فیصلہ کن ردِعمل، 108 دہشتگرد ہلاک، 10 جوان شہید

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی جانب سے 12 مختلف مقامات پر کیے گئے حملوں کو سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا۔ ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 108 دہشتگرد مارے گئے، تاہم پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے 10 بہادر جوان وطن پر قربان ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو دنوں میں پنجگور اور شعبان کے علاقوں میں 41 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ حالیہ کارروائیوں میں مزید 58 دہشتگرد انجام کو پہنچے۔ دہشتگردوں نے رات گئے بزدلانہ حملوں کے دوران گوادر میں ایک بلوچ مزدور خاندان کے 5 افراد کو بھی شہید کیا، جن میں ایک خاتون اور تین بچے شامل ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کا تعاقب تاحال جاری ہے، جبکہ مزید ہلاکتوں اور نقصانات کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دہشتگرد حملے ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔