لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کے دورے پر آئے آسٹریلوی ٹیم کے کپتان مچل مارش نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں پاکستان میں اتنی سردی کی توقع نہیں تھی، اسی لیے وہ گرم کپڑے بھی ساتھ نہیں لائے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز 29 جنوری سے یکم فروری تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔
یہ سیریز پاکستان اور آسٹریلیا دونوں کے لیے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے قبل تیاری کا ایک بہترین موقع سمجھی جا رہی ہے۔
سیریز کے لیے لاہور پہنچنے کے بعد آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اپنی ٹیم کی مکمل تیاری پر اعتماد کا اظہار کیا۔
آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے حوالے سے نہایت اہم ہے، ہماری ٹیم کے کھلاڑیوں نے دبئی میں بھرپور ٹریننگ کی ہے۔
مچل مارش نے بتایا کہ بگ بیش لیگ کی مصروفیات کے باعث کچھ کھلاڑی تاخیر سے یہاں پہنچے، تاہم ٹیم مکمل طور پر تیار ہے اور ایک شاندار سیریز کی منتظر ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جو کھلاڑی اس سیریز کا حصہ نہیں ہیں، وہ ورلڈ کپ سے قبل اسکواڈ کو جوائن کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ورک لوڈ مینجمنٹ کے باعث پاکستان کے خلاف سیریز میں آسٹریلیا کو پیٹ کمنز، ٹم ڈیوڈ، جوش ہیزل ووڈ اور گلین میکسویل جیسے اہم کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔
پاکستان کے اس اہم دورے کے دوران آسٹریلوی ٹیم کو موسمی حالات کا بھی سامنا کرنا پڑا، جس پر مچل مارش خاصے حیران دکھائی دیے۔
آسٹریلوی کپتان نے اعتراف کیا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ پاکستان میں اتنی سردی ہوگی، اسی لیے وہ گرم کپڑے بھی ساتھ نہیں لائے۔
مچل مارش نے مزید کہا کہ مجھے ماننا پڑے گا کہ میں نے گرم کپڑے پیک نہیں کیے تھے، مجھے معلوم نہیں تھا کہ پاکستان میں اتنی سردی ہوتی ہے، آئندہ جب آؤں گا تو اس بات کو ضرور ذہن میں رکھوں گا۔
0 تبصرے