سجاول پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

کارروائیوں کے دوران 1060 گرام چرس اور 50 لیٹر دیسی شراب برآمد

سجاول پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

سجاول (رپورٹ: گل شیر میربحر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو اور ایس ایس پی سجاول میڈم علینہ راجپر کی ہدایات پر ضلع کے مختلف تھانوں کی حدود میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے دوران 1060 گرام چرس اور 50 لیٹر دیسی شراب برآمد کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق، ایس ایچ او سجاول میر محمد گاڑہی نے خفیہ اطلاع پر حق آباد کالونی نانگن موری کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے روپوش ملزم میر محمد عرف میرو ملاح کو 20 لیٹر دیسی شراب سمیت گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ یاد رہے کہ گرفتار منشیات فروش سجاول تھانے میں درج منشیات کے مقدمہ نمبر 379/25 دفعہ 3/4 میں بھی روپوش تھا۔ دوسری جانب، انچارج پوسٹ بدھو ٹالپر سب انسپکٹر برکت علی چانڈیو نے خفیہ اطلاع پر مختلف مقامات پر دو الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے دو منشیات فروشوں شہباز کنڈرا کو 1060 گرام چرس اور امیر شاہ کو 20 لیٹر دیسی شراب سمیت گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے۔ اسی طرح، ایس ایچ او جھوک دیدار علی بروہی نے گشت کے دوران لنک روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش آچار جتوئی کو 10 لیٹر دیسی شراب سمیت گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کے مطابق، منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن آئندہ بھی جاری رہے گا۔