ملير: گورنمنٹ بوائز لوئر سیکنڈری اسکول ڈملوٹی نمبر 6 دو سال سے بند، طلبہ کا مستقبل داؤ پر

ملير: گورنمنٹ بوائز لوئر سیکنڈری اسکول ڈملوٹی نمبر 6 دو سال سے بند، طلبہ کا مستقبل داؤ پر

ملير (رپورٹ: عبدالرشيد مورجھريو) – گورنمنٹ بوائز لوئر سیکنڈری اسکول ڈملوٹی نمبر 6 (سیمنس کوڈ: 408180382) عمارت کی انتہائی خراب حالت کی وجہ سے گذشتہ دو سال سے مکمل طور بند ہے، جس کی وجہ سے ایک سو سے زیادہ معصوم طلبہ تعلیم سے محروم ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، اسکول کی عمارت زبوں حالت میں ہونے کی وجہ سے انتظامیہ نے اسکول بند کر دیا، لیکن دو سال گزرنے کے باوجود نئی عمارت کی تعمیر یا مرمت کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ عمارت کی کمی کی وجہ سے طلبہ تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں، جس سے ان کا مستقبل شدید خطرے میں ہے۔ یہ اسکول ضلع ملير سے پانچ مرتبہ صوبائی اسمبلی کے رکن اور سابق صوبائی وزیر ساجد جوکيو کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، تاہم طلبہ کے اس بنیادی مسئلے پر اب تک کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ علاقے کے باشندوں، والدین اور سماجی حلقوں نے صوبائی وزیر تعلیم، متعلقہ حکام اور اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسکول کی عمارت کی تعمیر یا مرمت کروائی جائے، تاکہ طلبہ کا تعلیمی مستقبل محفوظ کیا جا سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور اسے محروم رکھنا کسی بھی صورت قبول نہیں۔