نصیرآباد: مین پرائمری اسکول میں چوری کے خلاف شہری اتحاد کا انڈس ہائی وے پر احتجاجی دھرنا، ٹریفک معطل

نصیرآباد: مین پرائمری اسکول میں چوری کے خلاف شہری اتحاد کا انڈس ہائی وے پر احتجاجی دھرنا، ٹریفک معطل

نصیرآباد: مین پرائمری اسکول میں ہونے والی چوری کے خلاف شہری اتحاد نصیرآباد کی جانب سے انڈس ہائی وے پر احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ دھرنے میں اساتذہ، طلبہ سمیت مختلف سماجی اور سیاسی تنظیموں کے رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دھرنے کے باعث انڈس ہائی وے پر آنے جانے والی ٹریفک معطل ہو گئی، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دھرنے کی قیادت کرنے والے کامریڈ سنگار نوناری، عبدالوھاب بروہی، بخش علی مغیری اور دیگر رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مین پرائمری اسکول میں ہونے والی چوری کو 15 دن گزرنے کے باوجود پولیس چوروں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نصیرآباد پولیس چوروں کے سامنے بے بس نظر آ رہی ہے اور بار بار مہلت دینے کے باوجود بھی پولیس کوئی واضح پیش رفت نہیں کر سکی۔ رہنماؤں نے کہا کہ جب تک مین پرائمری اسکول میں ہونے والی چوری کا سامان واپس نہیں کرایا جائے گا، اس وقت تک ان کا احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔