مقامی نظام لائیں یا نئے صوبے بنائیں: مفتاح اسماعیل

مقامی نظام لائیں یا نئے صوبے بنائیں: مفتاح اسماعیل

لاہور (بیورو) سابق وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے تجویز دی ہے کہ نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) کو کم کیا جائے، لوکل گورنمنٹ قائم کی جائے یا نئے صوبے بنائے جائیں۔ لاہور میں تھنک فیسٹ کے آخری دن ’’گروتھ اور پاکستان میں غربت کیوں؟‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یہ تجاویز پیش کیں۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سڑکیں بنانا اچھی بات ہے، لیکن ملک میں دو کروڑ دس لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر آئی ایم ایف سے قرض نہ لیا جائے تو ملک دیوالیہ ہو جائے گا۔ ہم بچت بہت کم کرتے ہیں اور زیادہ نوٹ چھاپتے ہیں، جس کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی کہا کہ وفاق اور صوبوں کو مل کر ایسا نظام تشکیل دینا چاہیے جس سے عام آدمی کی زندگی میں بہتری آئے۔