ملیر: قائدآباد میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ، ایک شخص قتل، دوسرا زخمی، ملزم گرفتار

ملیر: قائدآباد میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ، ایک شخص قتل، دوسرا زخمی، ملزم گرفتار

ملیر (رپورٹ: عبدالرشید مورجھیو) قائدآباد پولیس نے شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل اور دوسرے کو زخمی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اولڈ مظفرآباد علاقے سے ہتھیار کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم کی شناخت شاہزیب ولد ممتاز خان کے طور پر ہوئی ہے، جس کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنے دوست بلال حیدر کی شادی کی تقریب کے دوران بغیر وجہ ہوائی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں عمر گل ولد گل محمد نامی نوجوان، جو ملزم کا دوست بھی تھا، موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، جبکہ ایک اور شخص زخمی ہوا۔ اس واقعے کے سلسلے میں قائدآباد تھانے میں ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، جبکہ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔