عمرکوٹ: حاجی علی مردان شاہ کی یاد میں کرکٹ ٹورنامنٹ کی تیاریوں کا آغاز

رحیمدانی کرکٹ اکیڈمی کے اہتمام کے تحت میونسپل کمیٹی ہال میں اہم اجلاس

عمرکوٹ: حاجی علی مردان شاہ کی یاد میں کرکٹ ٹورنامنٹ کی تیاریوں کا آغاز

عمرکوٹ (رپورٹ: کانجی مل رکيسر) – عمرکوٹ میں دوسرا آل سندھ ڈسٹرکٹ عمرکوٹ مرحوم حاجی علی مردان شاہ کرکٹ ٹورنامنٹ تین دن کے اندر شروع ہونے والا ہے، جس کے سلسلے میں رحیمدانی کرکٹ اکیڈمی کے اہتمام کے تحت میونسپل کمیٹی ہال عمرکوٹ میں ایک اہم تیاری اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت رحیمدانی کرکٹ اکیڈمی کے صدر رسول بخش رحیمدانی نے کی، جبکہ چیف آرگنائزر اسپورٹس مین اسد علی بھڑگری، آرگنائزر جبران علی اور آرگنائزر و پریس ترجمان رحیمدانی کرکٹ اکیڈمی سجاد علی شیخ بھی موجود تھے۔ اجلاس میں رحیمدانی کرکٹ اکیڈمی عمرکوٹ، ماری الیون کرکٹ کلب عمرکوٹ، حر شاہین کرکٹ کلب عمرکوٹ، سردارانی کرکٹ کلب عمرکوٹ، روک اسٹار کرکٹ کلب عمرکوٹ، ہوپ فار ڈیزرٹ کرکٹ کلب عمرکوٹ، شاہین چھور کرکٹ کلب چھور، الفرینڈ کرکٹ کلب عمرکوٹ، تاج اکیڈمی عمرکوٹ، یو کی ٹائیگر کرکٹ کلب عمرکوٹ، بھٹائی الیون کلب جیمس آباد، جناح اسپورٹس کرکٹ کلب کنری اور جوسباباد کرکٹ کلب کنری کے کپتانوں اور افیشلز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ٹورنامنٹ کے شیڈول، میچوں کے قواعد، امپائرنگ، ڈسپلن، سیکیورٹی اور انتظامی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ آرگنائزرز نے واضح کیا کہ ٹورنامنٹ میں بیرونی اضلاع کے کھلاڑی شامل نہیں ہوں گے اور صرف مقامی ضلع عمرکوٹ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی کھیلنے کی اجازت حاصل کریں گے۔ اسپانسر رحیمدانی کرکٹ اکیڈمی کی طرف سے اعلان کیا گیا کہ ٹورنامنٹ کی ونر اور رنر اپ ٹیموں کو نقد انعامات دیے جائیں گے، جبکہ مین آف دی میچ، مین آف دی سیریز، بہترین بالر، بہترین بیٹس مین اور دیگر نمایاں کھلاڑیوں کو بھی انعامات سے نوازا جائے گا۔ آرگنائزرز نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے دوران منتخب نمائندگان، ضلعی انتظامیہ، اساتذہ، پروفیسرز، معزز شہری اور کھیلوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شریک ہوں گی، جس سے نوجوانوں میں کھیلوں کا شوق بڑھے گا اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ آخر میں صدر رسول بخش رحیمدانی اور چیف آرگنائزر اسد علی بھڑگری نے امید ظاہر کی کہ مرحوم حاجی علی مردان شاہ کے نام سے منسوب یہ ٹورنامنٹ امن، بھائی چارے اور اسپورٹس مین اسپرٹ کی بہترین مثال ثابت ہوگا۔