آئی جی سندھ شڪارپور پہنچ گئے، شہید ایس ایچ او خمیسو خان بروہی کے ورثاء سے تعزیت

آئی جی سندھ شڪارپور پہنچ گئے، شہید ایس ایچ او خمیسو خان بروہی کے ورثاء سے تعزیت

شکارپور (احسان ابڑو) – آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو شہید ایس ایچ او خمیسو خان بروہی کے ورثاء سے تعزیت کے لیے شکارپور پہنچ گئے۔ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے شہید ایس ایچ او کے گھر جا کر اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کے ہمراہ ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب پٹھان، ایس ایس پی شکارپور شاہزیب چاچڑ، ایس ایس پی جیکب آباد محمد کلیم ملک، ڈی ایس پیز اور پولیس اہلکار بھی موجود تھے۔ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے شہید ایس ایچ او خمیسو خان بروہی کے بچوں کی تعلیم، گھر خریدنے کے لیے پونے دو کروڑ روپے، پولیس پالیسی کے تحت ایک کروڑ روپے علیحدہ، اولاد کو دو نوکریاں دینے اور پولیس اہلکار بیٹے کو اے ایس آئی کے عہدے پر ترقی دینے کا اعلان کیا۔ شکارپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ شہید ایس ایچ او خمیسو خان بروہی تین دن قبل جرائم پیشہ افراد سے مقابلے کے دوران فرض کی ادائیگی کرتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔ سندھ حکومت اور صوبائی وزیر داخلہ نے شہید کی قربانی کو سراہتے ہوئے ورثاء کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خمیسو خان بروہی جیسے بہادر افسران پولیس محکمے کا فخر ہیں اور شہید کے خون کا حساب ضرور لیا جائے گا۔ سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے پولیس کے جوان اور افسران قربانیاں دے رہے ہیں۔ امن و امان خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ پولیس کو جدید اسلحہ اور جدید مشینری فراہم کی گئی ہے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید کے خون کا حساب لینے کے بعد ہی ہم چین سے بیٹھیں گے۔ جرائم پیشہ افراد پولیس کے خوف سے خود کو سرنڈر کر رہے ہیں، دیگر مجرموں کو بھی کہتا ہوں کہ جرائم کی دنیا چھوڑ کر سرنڈر کریں، ان کے ساتھ رعایت برتی جائے گی اور انہیں عزت کے ساتھ زندگی گزارنے کا موقع دیا جائے گا، جبکہ جو پیش نہیں ہوں گے ان کے خلاف سخت آپریشن کیا جائے گا۔