ٹھٹھہ (ڈر) – سندھی ادب، تحقیق اور صحافت کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ادیب اور محقق، انور پیرزادہ کی 81 ویں سالگرہ سندھ کلچرل فورم ٹھٹھہ کی طرف سے کانجھر کنڈھی پر آباد جھمپیر شہر میں منائی گئی۔
تقریب میں سندھ کے نامور شاعر خیرمحمد ’کوئی‘ میر بحر، سندھ کلچرل فورم کے بانی و چیئرمین صادق لاکو، سینئر وائس چیئرمین محمد شریف جاکرو، سندھی ادبی سنگت جھمپیر کے سیکرٹری استاد دائود میر بحر اور دیگر نے شرکت کی۔
مقرروں نے کہا کہ انور پیرزادہ ایک انقلابی شخصیت تھے، جنہوں نے بھٹائی کے فکر اور فلسفے کو اپنے ادبی اور تحقیقی کام کے ذریعے سندھ کی نوجوان نسل تک پہنچایا۔ انہوں نے نہ صرف سندھی ادب کو مالا مال کیا بلکہ تاریخی اور ثقافتی ورثے کی حفاظت اور تشہیر میں بھی اپنا اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انور پیرزادہ سندھی ثقافت، روایات اور اقدار کے محافظ تھے، جو نوجوانوں کو ہمیشہ اپنی ثقافت سے محبت کرنے اور اسے آگے بڑھانے کی تلقین کرتے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انور پیرزادہ کا ادبی اور صحافتی کام نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے، جس کی بدولت سندھی ادب اور ثقافت کو نئی زندگی ملی ہے۔
0 تبصرے