کراچی (ویب ڈیسک) عوامی پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ گل پلازا سانحہ بہت بڑا ہے، جس میں 1200 دکانیں جل گئیں، متاثرین کے نقصان کا تفصیلی ازالہ کیا جائے اور وفاق بھی مدد کرے۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گل پلازا واقعے کے ذمہ دار حکومت ہے، کیونکہ عمارتوں میں ہنگامی سہولیات کی جانچ کرنا ان کا کام ہے۔ عوامی نمائندے عوام کے درمیان موجود ہونے چاہئیں، جبکہ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی بات نہ صرف غلط ہے بلکہ آئین کے بھی خلاف ہے، اس سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی بڑی آبادی ٹینکروں کے ذریعے پانی حاصل کرتی ہے، اور پانی اربوں روپے کا کاروبار بن چکا ہے، جس میں مختلف مافیا ملوث ہیں۔ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو مل کر شہر میں پانی کی فراہمی ممکن بنانا ہوگی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ جب ترامیم پر بحث نہیں ہوگی اور سب کی باتیں نہیں سنی جائیں گی تو مسائل پیدا ہوں گے۔ رات کے اندھیرے میں ترامیم نہیں ہوتیں، اور جہاں ملک میں انتخابات چوری کیے جاتے ہوں، وہاں خرابیاں جنم لیتی ہیں۔
غزہ امن بورڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصلہ جلد بازی میں کیا گیا، ایسا فیصلہ کسی ایک فرد کو نہیں کرنا چاہیے۔ پاکستانی عوام فلسطین کے ساتھ ہیں، اور ایسے فیصلے پر قومی اسمبلی اور عوام کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہر سال کرپشن بڑھ رہی ہے، نیب، ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن جیسے ادارے موجود ہونے کے باوجود صورتحال بہتر نہیں ہو رہی۔
0 تبصرے