لاہور (ویب ڈیسک) وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے نئے صوبوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں کوئی حرج نہیں اور کسی کو اس سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔
لاہور میں تھنک فیسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے ملک کے انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے 27ویں آئینی ترمیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں سے دو شقیں نکال دی گئی تھیں، جن میں ایک لوکل گورنمنٹ سے متعلق تھی، جس پر متعدد اعتراضات تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوکل گورنمنٹ کو خطرہ سمجھنے کے بجائے ایک نرسری کے طور پر دیکھا جانا چاہیے، اور دنیا میں نیویارک کے میئر ممدانی اس کی بڑی مثال ہیں۔ پاکستان کی بقا لوکل گورنمنٹ میں ہے، اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہ کرنا عوام کے ساتھ دھوکا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ 18ویں ترمیم میں اختیارات کی تقسیم کی ضمانت دی گئی تھی، لیکن یہ عملی طور پر ممکن نہ ہو سکا، اسی لیے انہوں نے اسے “نمائش” قرار دیا، جو بہت سے لوگوں کو ناگوار گزرا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تین بڑے آمروں نے بھی لوکل گورنمنٹ کے ذریعے اپنے اختیارات مضبوط کیے، سیاستدانوں کو طویل مدت کے لیے اقتدار نہ ملا، جبکہ آمروں نے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کر کے اپنی پوزیشن مستحکم کی۔
ان کا کہنا تھا کہ لوکل گورنمنٹ کسی کے لیے خطرہ نہیں، اور اگر کسی کو خدشہ ہے تو وہ صرف بیوروکریسی ہے، کیونکہ اس کے اختیارات کم ہو جائیں گے۔
0 تبصرے