پی ٹی آئی کی ایک اور وکٹ گر گئی، اہم رہنما پیپلز پارٹی میں شامل

پی ٹی آئی کی ایک اور وکٹ گر گئی، اہم رہنما پیپلز پارٹی میں شامل

کراچی: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک رہنما نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے ویمن ونگ کی صدر فریال تالپور سے پی ٹی آئی کراچی کے رہنما بلال منصور نے ملاقات کی، اس موقع پر سعید غنی، سہیل انور سیال اور ڈپٹی میئر سلمان مراد بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران بلال منصور نے باضابطہ طور پر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی، جبکہ فریال تالپور نے انہیں پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا۔ اس سے قبل 9 دسمبر 2026 کو مظفرآباد میں پی ٹی آئی کو ایک بڑا دھچکا لگا تھا، جہاں مرکزی رہنما اور سابق اسمبلی امیدوار سردار شاہنواز اختر نے اپنے سیکڑوں کارکنوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ تقریب کے دوران آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم راجا فاروق حیدر نے سردار شاہنواز اختر کو ہار پہنا کر پارٹی میں خوش آمدید کہا تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فاروق حیدر نے کہا تھا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی بہتر کارکردگی کے اثرات آزاد کشمیر تک پہنچ رہے ہیں۔ تقریب کے دوران پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے متعدد کارکنوں نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس سے ایک روز قبل بھمبر، آزاد کشمیر میں پاکستان تحریکِ انصاف کے تحصیل صدر طارق محمود نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ پریس کانفرنس کے دوران طارق محمود نے کہا تھا کہ جو پارٹی ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہے، اس کا حصہ نہیں رہا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ وطن اور پاک فوج سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے۔