خیبر (ویب ڈیسک) خیبر ضلع کی وادی تیراہ میں حالیہ شدید برفباری کے باعث پھنسے ہوئے آئی ڈی پیز کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر خیبر بلال شاہد کے مطابق، ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں بروقت اقدامات کیے گئے، جن کے نتیجے میں تمام متاثرہ خاندان محفوظ رہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ امدادی سامان کی کھیپ رات کے وقت ہی پائندہ چینہ پہنچا دی گئی، جبکہ متاثرین کو پائندہ چینہ کے اسکول اور ہاسٹل میں منتقل کیا گیا ہے۔ متاثرین کو کمبل فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ بچوں میں سویٹر اور دیگر ضروری اشیاء بھی تقسیم کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت، پاک فوج اور فرنٹیئر کور کی بروقت امدادی کارروائیوں کے باعث نقل مکانی کرنے والے تمام خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق، ریسکیو ٹیموں کی نگرانی میں پہلے بچوں اور خواتین کو اور بعد میں مردوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ برفباری کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت نقل مکانی کا عمل عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور موسم بہتر ہوتے ہی امدادی اور نقل مکانی کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی جائیں گی۔
0 تبصرے