متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی،اربوں روپے کے نقصان اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر شدید افسوس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع وسطی پی ایس 123 خمیسہ ابراہیم گوٹھ نیو کراچی کے صدر ریاض احمد بوضدار نے سانحہ گل پلازہ کو بلدیہ فیکٹری آتش زدگی کے بعد کراچی کی تاریخ کا بڑا بدترین اور انتہائی دلخراش آتش زدگی کا واقعہ قرار دیتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اس المناک واقعے میں کروڑوں روپے کے مالی نقصان کے ساتھ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا، جس نے پورے شہر اور ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ شہری انتظامیہ، فائر سیفٹی نظام اور حفاظتی اقدامات کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ گل پلازہ کے پس پردہ اصل حقائق سامنے لانے کے لیے واقعے کی تحقیقات غیر جانبدار، دیانتدار اور باصلاحیت افسران کی نگرانی میں کرائی جائیں، تاکہ ہر زاویے سے حقائق کو منظر عام پر لایا جا سکے۔ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تحقیقات کے دوران تخریب کاری، بھتہ خوری یا کسی بھی قسم کی مجرمانہ سرگرمی کے پہلو کو کسی صورت نظر انداز نہ کیا جائے۔ اگر کسی فرد یا گروہ کی غفلت یا بدنیتی ثابت ہو تو اس کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔حکومت سندھ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کی فوری داد رسی کی جائے، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور متاثرین کی مالی امداد و بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
0 تبصرے