شہاب سلمان کو فورا رہا کیا جائے اور واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائیں،فاضل جمیلی/ اسلم خان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری اسلم خان اور مجلسِ عاملہ نے پریس کلب کے سینئر ممبر شہاب سلمان پر حملے کی کوشش اور بعد ازاں ان کی گرفتاری کے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کراچی پریس کلب سے جاری بیان میں پریس کلب کے عہدیداران نے کہا ہے کہ شہاب سلمان ایک ذمہ دار اور پیشہ ور صحافی ہیں، اگر انہیں کسی واقعے میں خطرات لاحق تھے یا حملے کی کوشش کی گئی تو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین ذمہ داری تھی کہ وہ صحافی کو تحفظ فراہم کرتے اور اصل ملزمان کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے۔حقِ دفاع میں کیے گئے اقدام کو بنیاد بنا کر سینئر صحافی کو گرفتار کرنا افسوسناک اور قابلِ تشویش ہے، جبکہ یہ تاثر بھی انتہائی خطرناک ہے کہ شکایت کنندہ کے بجائے متاثرہ شخص ہی کو موردِ الزام ٹھہرایا جائے۔کراچی پریس کلب نے مطالبہ کیا کہ شہاب سلمان کو فوری طور پر رہا کیا جائے، واقعے کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کروائی جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ صحافیوں کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے کے دوران کسی قسم کی ہراسانی یا انتقامی کارروائی کا سامنا نہ کرنا پڑے- کراچی پریس کلب کے صدر، سیکرٹری اور مجلسِ عاملہ نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کریں اور صحافی برادری کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
0 تبصرے