ٹھٹہ (ڈ ر)
اسسٹنٹ کمشنر میرپور ساکرو نبی بخش سولنگی کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ محکموں، پولیس اور میونسپل عملے کے ہمراہ بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے دھابیجی شہر میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف مؤثر اور منظم کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے سرکاری زمین، سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی تعمیرات، دکانوں کے بڑھے ہوئے چھجے، ریڑھیاں اور دیگر رکاوٹیں ہٹا دی گئیں، جس کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی بحال ہوئی اور شہریوں کو آمد و رفت میں نمایاں سہولت ملی۔
انتظامیہ نے حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی اور لائسنس نہ ہونے کی بنا پر دو ایل پی جی دکانیں بھی سیل کر دیں، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی تھیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر میرپور ساکرو نبی بخش سولنگی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا بنیادی مقصد شہر کو قبضہ مافیا سے پاک کرنا، عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا اور قانون کی بالادستی قائم کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی تجاوزات کرنے والوں، ناجائز کاروبار چلانے والوں اور حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی کارروائیاں عارضی نہیں بلکہ مستقل بنیادوں پر جاری رہیں گی، تاکہ شہروں کی مجموعی خوبصورتی، صفائی ستھرائی اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔
0 تبصرے