جماعتِ اسلامی ضلع ٹھٹھہ کی جانب سے “نظام بدلو تحریک” کا اعلان

ملک اس وقت شدید معاشی، سماجی اور انتظامی بحران کا شکار ہے: عبدالمجید سموں

جماعتِ اسلامی ضلع ٹھٹھہ کی جانب سے “نظام بدلو تحریک” کا اعلان

ٹھٹھہ (شفیق بھٹی): جماعتِ اسلامی ضلع ٹھٹھہ کی جانب سے ملک گیر مہم کے سلسلے میں “نظام بدلو تحریک” کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں عوامی پریس کلب ٹھٹھہ میں ایک پُرہجوم پریس کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں جماعتِ اسلامی کے ضلعی اور مقامی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی ضلع ٹھٹھہ عبدالمجید سموں نے کہا کہ ملک اس وقت شدید معاشی، سماجی اور انتظامی بحران کا شکار ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ عام آدمی کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی بالادستی ختم ہوتی جا رہی ہے اور کمزور طبقہ ظلم کی چکی میں پس رہا ہے۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری جماعتِ اسلامی ضلع ٹھٹھہ عبداللہ آدم گندرو نے کہا کہ حکمران عوامی مسائل سے مکمل طور پر لاتعلق ہو چکے ہیں، قومی وسائل کا بے دریغ اور غلط استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ امیر جماعتِ اسلامی کیمپ غلام حیدر شورو اور جنرل سیکریٹری یوتھ مظفر علی خاصخیلی نے کہا کہ جماعتِ اسلامی پورے ملک میں ایک منظم اور پُرامن تحریک کے ذریعے عوام کو اپنے حقوق کے لیے بیدار کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ تحریک آئینی اور جمہوری دائرے میں رہتے ہوئے چلائی جائے گی۔ پریس کانفرنس میں سمیر میمن سمیت جماعتِ اسلامی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے، جنہوں نے کہا کہ حالات میں بہتری آنے تک اس مہم کو جاری رکھا جائے گا اور عوام کو بھرپور انداز میں اس جدوجہد میں شامل کیا جائے گا۔ آخر میں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ “نظام بدلو تحریک” کے ذریعے ملک میں انصاف، شفافیت اور حقیقی عوامی فلاح پر مبنی نظام قائم کرنے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔