کوئٹہ ژوب قومی شاہراہ پر برفباری ٹریفک معطل مسافر پھنس گئے، ریسکیو آپریشن جاری

کوئٹہ ژوب قومی شاہراہ پر برفباری ٹریفک معطل مسافر پھنس گئے، ریسکیو آپریشن جاری

کوئٹہ : کوئٹہ ژوب قومی شاہراہ پر کان مہترزی کے مقام پر شدید سردی کے باعث برف جم جانے سے ٹریفک معطل ہو گئی، جس کے باعث قومی شاہراہ پر سفر کرنے والی درجنوں گاڑیوں کو ایف سی چیک پوسٹ بادینی کراس پر کوئٹہ کی جانب جانے سے روک دیا گیا ہے۔ چیک پوسٹ پر پھنسے مسافروں نے متعلقہ حکام سے قومی شاہراہ کو فوری طور پر ٹریفک کے لیے بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔ دوسری جانب خوشاب خانوزی کے مقام پر پکنک منانے کے لیے جانے والے افراد کی پندرہ گاڑیوں میں سوار مسافروں کے نزدیکی پہاڑی علاقوں میں پھنس جانے کی اطلاع پر پی ڈی ایم اے نے فوری طور پر امدادی ٹیمیں روانہ کر دی ہیں پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر عطااللہ مینگل کے مطابق ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں اور پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت نکالنے کا عمل جاری ہے، جنہیں بہت جلد ریسکیو کر لیا جائے گا۔ حکام کے مطابق برف ہٹانے اور ٹریفک کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی۔