کراچی کے مختلف علاقوں میں پہلے آندھی پھر بارش، سردی کی شدت میں اضافہ

کراچی کے مختلف علاقوں میں پہلے آندھی پھر بارش، سردی کی شدت میں اضافہ

کراچی: سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برس پڑے۔ کراچی کے علاقے مشرف کالونی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سرجانی ٹاؤن، ملیر، ناگن چورنگی، بفرزون اور گردونواح کے علاقوں سمیت احسن آباد میں تیز بارش جاری ہے۔ اس کے علاوہ صدر اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ گلستانِ جوہر، ڈالمیا اور اسکیم 33 میں بھی بارش ہوئی ہے۔ دوسری جانب پی ای سی ایچ ایس اور قریبی علاقوں میں بوندا باندی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے آج کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور آسمانی بجلی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی تھی۔