’’یہ انکل کون ہے؟‘‘ ترک اداکارہ نے شاہ رخ خان کو پہچاننے سے انکار کر دیا

’’یہ انکل کون ہے؟‘‘ ترک اداکارہ نے شاہ رخ خان کو پہچاننے سے انکار کر دیا

ریاض (ویب ڈیسک) مشہور ترک اداکارہ اور ماڈل ہانڈی ارسل نے بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے ساتھ وائرل ہونے والی اپنی ویڈیو پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ سعودی عرب کی راجدھانی ریاض میں ہونے والے جوائے ایوارڈز 2026 کے دوران ہانڈی ارسل کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ اسٹیج کی ویڈیو بناتی نظر آ رہی ہیں۔ اس موقع پر اسٹیج پر شاہ رخ خان کو مصری اداکارہ آمنہ خلیل کے ساتھ میزبان کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ کرنا شروع کیا کہ ترک اداکارہ بھی بالی وڈ بادشاہ کی مداح ہیں۔ اس کے بعد ہانڈی ارسل نے وائرل ویڈیو سے ایک اسکرین شاٹ اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا، جس میں شاہ رخ خان کو آمنہ خلیل کے ساتھ اسٹیج پر ایوارڈ پیش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے ہانڈی ارسل نے لکھا: ’’یہ انکل کون ہے؟‘‘ ترک اداکارہ نے مزید لکھا: ’’میں ان کی مداح نہیں ہوں، میں صرف اپنی دوست آمنہ خلیل کی ویڈیو بنا رہی تھی۔‘‘ انہوں نے لکھا: ’’براہ کرم اس قسم کی غلط معلومات پھیلانا بند کریں۔‘‘ واضح رہے کہ شاہ رخ خان نے اس ہائی پروفائل تقریب میں میزبان کے طور پر شرکت کی، جس کی کئی ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں، جن پر صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔