کل خواجہ آصف نے گل پلازا سانحے پر گفتگو کی اور ساتھ ہی 18ویں ترمیم کا ذکر بھی لے آئے
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے 18ویں ترمیم سے متعلق بیان پر حکومت سے وضاحت طلب کر لی ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ کل خواجہ آصف نے گل پلازا سانحے پر گفتگو کی اور ساتھ ہی 18ویں ترمیم کا ذکر بھی لے آئے، (ن) لیگ کے پارلیمانی لیڈر کے بیان کو ہم حکومت کا پالیسی بیان سمجھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے ساتھ کئی تجربات کیے گئے، ہر تجربے نے ملک کو آدھا کر دیا، وفاق سے درخواست ہے کہ تجربات کرنا بند کرے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے خواجہ آصف کے بیان کو ذاتی رائے قرار دیا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہم سب کی ذاتی آراء ہوتی ہیں، جسے ذاتی رائے کے طور پر لیا جانا چاہیے، ہر فیصلہ پارلیمنٹ کی منظوری سے ہی ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خواجہ آصف نے کہا تھا کہ 18ویں ترمیم ایک ڈھونگ ثابت ہوئی ہے، تمام اختیارات صوبائی حکومتوں کو منتقل کر دیے گئے ہیں، کراچی میں پیش آنے والے واقعات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں۔
0 تبصرے