بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان کو نظر نہیں آ رہا اور انہوں نے اپنے ذاتی ڈاکٹروں تک فوری رسائی کا مطالبہ کیا ہے۔
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے پیغام بھیجا ہے کہ ان کی بینائی متاثر ہو رہی ہے اور انہیں اپنے ذاتی ڈاکٹروں سے فوری معائنہ کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان کو قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے اور اہلِ خانہ کو ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ خاندان کو عمران خان کی صحت پر شدید تشویش ہے اور جب تک ان کے ذاتی معالج خود ان کی حالت کا جائزہ نہیں لیتے، وہ کسی سرکاری مؤقف پر یقین نہیں کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کا مکمل طبی معائنہ اہلِ خانہ اور ذاتی ڈاکٹروں کی موجودگی میں کرایا جائے اور اگر ضروری ہو تو انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جائے۔
اس موقع پر عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ نے بھی مطالبہ کیا کہ اگر کوئی طبی مسئلہ ہے تو اسے چھپانے کے بجائے سامنے لایا جائے تاکہ حقیقت قوم کے سامنے آ سکے۔
0 تبصرے