پورے ملک میں کاروباری سرگرمیوں کی آن لائن نگرانی کا فیصلہ

پورے ملک میں کاروباری سرگرمیوں کی آن لائن نگرانی کا فیصلہ

لاہور (ویب ڈیسک) پورے ملک میں کاروباری سرگرمیوں کی آن لائن مانیٹرنگ کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ Federal Board of Revenue (ایف بی آر) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 14 سے زائد کاروباری سرگرمیوں کی آن لائن نگرانی کے لیے پوائنٹ آف سیلز (POS) سسٹم کو یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہوٹلز، ریسٹورنٹس، گیسٹ ہاؤسز، شادی ہالز، مارکیز اور ریس کلبز میں پوائنٹ آف سیلز نصب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاہم جہاں ایئر کنڈیشنر کی سہولت موجود نہیں ہوگی وہاں اس شرط سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ مزید کہا گیا ہے کہ شہروں میں چلنے والی ٹرانسپورٹ گاڑیوں، کوریئر اور کارگو سروسز کو بھی پوائنٹ آف سیلز نصب کرنے کا پابند کیا گیا ہے۔ اسی طرح ڈینٹسٹ، فزیوتھراپسٹ، پلاسٹک اور ہیئر سرجنز، ویٹرنری ڈاکٹرز، میڈیکل لیبارٹریز، ایکسرے، سی ٹی اور ایم آر آئی اسکین سینٹرز پر بھی یہ نظام لازمی قرار دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بیوٹی پارلرز، مساج سینٹرز، پیڈی کیور سینٹرز اور نجی اسپتالوں میں بھی پوائنٹ آف سیلز نصب کیا جائے گا، تاہم 500 روپے فیس وصول کرنے والے اسپتالوں کو اس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ مزید برآں ہیلتھ کلبز، جمز، سوئمنگ پولز، ملٹی پرپز کلبز، سول اور نان سول پولو کلبز، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس اور کاسٹ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس کے لیے بھی پوائنٹ آف سیلز لازمی قرار دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں کی جمخانہ اور کلبز میں بھی پوائنٹ آف سیلز نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ریٹیلرز، مینوفیکچررز اور امپورٹرز کے لیے آن لائن انٹیگریشن کو بھی لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فارن ایکسچینج ڈیلرز، کرنسی ایکسچینج کمپنیوں، نجی تعلیمی اداروں اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس پر بھی پوائنٹ آف سیلز کی شرط لاگو ہوگی، تاہم ایک ہزار روپے ماہانہ فیس وصول کرنے والے اداروں کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔