ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سینئر اداکار Govinda کی اہلیہ Sunita Ahuja نے کہا ہے کہ اگر ان کے شوہر سدھر جائیں تو وہ انہیں معاف کرنے کے لیے تیار ہیں۔
حالیہ انٹرویو میں گووندا اور سنیتا آہوجا نے ماضی کے تنازعات پر تفصیلی گفتگو کی۔ سنیتا نے معافی کے حوالے سے اپنے ارادے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر گووندا اپنے رویے میں بہتری لے آئیں تو انہیں معاف کیا جا سکتا ہے۔
سنیتا کا کہنا تھا کہ وہ تمام خبریں سننا نہیں چاہتیں اور زندگی کے اس مرحلے پر انہیں صرف اپنے بچوں اور شوہر کی محبت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں آنے والے الزامات کو گووندا ہنسی میں ٹال دیتے ہیں مگر ان کے جوابات اکثر سمجھ سے بالاتر ہوتے ہیں۔
انہوں نے گووندا کے اردگرد موجود افراد پر بھی تنقید کی اور کہا کہ جب تک وہ خود گووندا کو سنبھالتی رہیں، وہ ایک پھول کی طرح تھے، مگر اب نئے مینیجرز آ چکے ہیں اور وہ اپنے اسٹارڈم کے خاتمے کو قبول نہیں کر پا رہے۔
دوسری جانب گووندا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فلمی سیٹ پر ہمیشہ پیشہ ورانہ رویہ اپنایا اور کبھی کسی ساتھی اداکارہ کے ساتھ بدتمیزی نہیں کی۔ ان کے مطابق کوئی بھی اداکارہ یہ نہیں کہہ سکتی کہ انہوں نے کبھی انہیں ہراساں کیا یا نامناسب زبان استعمال کی۔
گووندا نے کہا کہ ان کی والدہ بھی اداکارہ تھیں، اس لیے وہ کسی خاتون اداکارہ کے ساتھ بدسلوکی کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ انہوں نے نئی اداکاراؤں کے لیے بھی پیغام دیا کہ وہ ان کے ساتھ کام کرنے سے نہ گھبرائیں۔
واضح رہے کہ گووندا اور سنیتا آہوجا نے 1987 میں شادی کی تھی اور ان کے دو بچے ہیں۔
0 تبصرے