سانگھڑ (حسنین عاشق ساند) رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) اور سابق سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات، بالخصوص ترلائی میں پیش آنے والے واقعے اور خطے کی بدلتی صورتحال کے باوجود پاکستان داخلی امن، استحکام اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ یہ بات انہوں نے قائد عوام یونیورسٹی نوابشاہ میں لیپ ٹاپ تقسیم تقریب کے بعد ٹنڈوآدم میں مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما نعمان آرائیں کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن سوشل میڈیا ھیڈ سندہ خرم عباس بھٹی، زوھیب خان، محمد سلیم آرائیں اور حنیفہ خانم سمیت دیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے۔ نہال ہاشمی نے کہا کہ بعض قوتیں خطے میں کشیدگی پیدا کرنا چاہتی ہیں، تاہم پاکستانی عوام اور ریاستی اداروں نے ہمیشہ صبر اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں دہشت گردی اور بدامنی کے خلاف موثر اقدامات کے نتیجے میں بڑے شہروں میں امن بحال ہوا، جس کی مثال سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دور میں کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری ہے، جبکہ موجودہ حکومت بھی قیامِ امن کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ آبی تنازعات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے جس کی ضمانت عالمی بینک سمیت عالمی اداروں کے پاس ہے اور عالمی قوانین کے مطابق پانی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے حصے کے پانی کے تحفظ کے لیے سفارتی اور قانونی ذرائع استعمال کر رہا ہے تاکہ خطے میں کشیدگی کے بجائے استحکام کو فروغ ملے۔ اس موقع پر وزیر اعظم یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر فہد شفیق نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیمی سہولیات اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، اور اسی سلسلے میں سندھ بھر کی سرکاری جامعات کے طلبہ میں میرٹ کی بنیاد پر تقریباً 16 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ، اسکالرشپس، انٹرن شپ، اسکل ڈویلپمنٹ ٹریننگ اور نوجوانوں کے لیے قرضہ اسکیم سمیت تمام سہولیات شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان سرکاری پورٹل پر رجسٹریشن کے ذریعے مختلف پروگراموں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جبکہ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مختلف شعبوں میں تکنیکی تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ نوجوان ملکی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار حاصل کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ملکی معیشت کی بحالی میں ان کے کردار کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور جامعات میں ایسے پروگراموں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ مستفید ہو سکیں۔
0 تبصرے