ٹھٹھہ (محمد شفیق بھٹی) – ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاڳت کی صدارت میں دربار ہال مکلی میں احترامِ رمضان اور ضروری اشیاء کے نرخوں میں کمی اور ضابطے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء، تاجروں، ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول، مارکیٹ کمیٹی، فوڈ سیفٹی افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے علماء پر زور دیا کہ وہ رمضان کے دوران امن و امان قائم رکھنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں اور عوام میں بھائی چارہ، برداشت اور قانون کی پاسداری کا شعور اجاگر کریں۔
انہوں نے بتایا کہ رمضان میں مہنگائی پر قابو پانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، جو بازاروں اور مارکیٹوں کے باقاعدہ دورے کریں گی اور اشیاء کی فروخت اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضروری اشیاء کے نرخوں پر ضابطہ رکھنے کا نظام مکمل طور فعال رہے گا۔ تاجروں پر زور دیا گیا کہ وہ غیر معیاری اشیاء کی فروخت سے گریز کریں اور حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ پرائس کنٹرول اور مارکیٹ کمیٹی کے عملے کو ہدایت دی گئی کہ نرخوں کی نئی فہرستیں تیار کریں اور تاجروں کو پابند بنایا جائے کہ وہ یہ فہرستیں نمایاں مقامات پر آویزاں کریں۔
مزید کہا گیا کہ مئجسٹریٹ مخصوص علاقوں میں تعینات کیے جائیں گے تاکہ موثر نگرانی کی جا سکے، اور فوڈ سیفٹی عملے کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان کے دوران ہوٹلوں وغیرہ کو کھلے رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسسٹنٹ کمشنروں کو بھی ہدایت دی گئی کہ تعلقہ سطح پر ایسے اجلاس منعقد کریں اور انتظامی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر علماء نے رمضان کے دوران سیکیورٹی، بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور دیگر مسائل کے حوالے سے تجاویز پیش کیں، جن پر ڈپٹی کمشنر نے عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔
0 تبصرے