عمرکوٹ میں پولیس ڈیٹا کے جدید نظام کے حوالے سے اسپارک کی مدد سے تربیتی سیشن

عمرکوٹ میں پولیس ڈیٹا کے جدید نظام کے حوالے سے اسپارک کی مدد سے تربیتی سیشن

عمرکوٹ (رپورٹ: کانجی مل رکهيسر) – سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عمرکوٹ کے دفتر میں پولیس ڈیٹا کو جدید اور مؤثر انداز میں محفوظ اور استعمال کرنے کے لیے ایک روزہ تربیتی سیشن منعقد کیا گیا، جس کا اہتمام اسپارک تنظیم نے کیا۔ سیشن میں اسپارک کے ضلعی مینیجر سورج مل، سوشل موبلائزر خدیجہ بلوچ اور دیگر نمائندگان کے علاوہ پولیس افسران اور عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ روایتی کاغذی فائلوں کے نظام سے جدید ڈیجیٹل نظام کی طرف منتقلی کیوں ضروری ہے اور اس کے کیا فوائد ہیں۔ ماضی میں پولیس کا ریکارڈ فائلوں اور رجسٹروں میں محفوظ کیا جاتا تھا، جس کی وجہ سے معلومات تک رسائی میں دیر، انسانی غلطیوں میں اضافہ اور اہم ڈیٹا کے ضائع ہونے کے خدشات رہتے تھے۔ اب پولیس نے جدید ضروریات کے پیشِ نظر اپنا ریکارڈ محفوظ برقی ڈیٹا بیس میں منتقل کر دیا ہے، جہاں فرسٹ انفارمیشن رپورٹس، کیسز کی تفصیلات، ملزمان کا جرم ریکارڈ، تفتیشی رپورٹس اور سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیوز محفوظ کی جا رہی ہیں۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے معلومات زیادہ محفوظ ہونے کے ساتھ فوری رسائی بھی ممکن ہے، جس سے تفتیش کے عمل میں تیزی، کیسز کی بہتر نگرانی اور جرائم کے تجزیے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اس کے علاوہ کاغذی کارروائی میں کمی اور مختلف شعبوں کے درمیان رابطے بھی مؤثر ہو گئے ہیں۔ افسران نے اس بات پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جوابدہی اور رپورٹنگ کے نظام مضبوط ہوئے ہیں اور ڈیٹا کی بنیاد پر مؤثر فیصلے کرنا آسان ہو گیا ہے، جس سے عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ سیشن کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اسپارک تنظیم کی مدد سے ضلع عمرکوٹ میں جدید، شفاف اور مؤثر پولیسنگ کے فروغ کے لیے اس طرح کی تربیتی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔