رادھن (رپورٹر) قومی عوامی تحریک کی جانب سے رادھن شہر میں جشنِ لطیف کے موقع پر ایک شاندار اور تاریخی جلسہ منعقد کیا گیا، جس میں رادھن سمیت اطراف کے دیہات سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ جلسے سے قبل قومی عوامی تحریک کی طرف سے ایک بڑی ریلی نکالی گئی جو مین شاہین بازار سے ہوتی ہوئی ریلوے گراؤنڈ میں قائم جلسہ گاہ تک پہنچی، جہاں جلسہ عام منعقد ہوا۔
جلسے سے قومی عوامی تحریک کے قائد انقلاب ایاز لطیف پلیجو نے پرجوش اور جذباتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور زراعت کی تباہی نے سندھی عوام کو بھیک مانگنے پر مجبور کر دیا ہے۔ انہوں نے ہر شعبے میں کرپشن اور عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے وسائل پر ڈاکے کسی صورت قبول نہیں اور قومی عوامی تحریک سندھ اور سندھی عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر جدوجہد جاری رکھے گی۔
ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ دادو کو کشمیر بنایا جا رہا ہے اور روز لاشوں کے تحفے مل رہے ہیں۔ انہوں نے میہڑ واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہید ہونے والوں کے ورثا کو 2 کروڑ 20 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے۔
جلسہ عام سے مرکزی سیکریٹری جنرل مظہر راہو، زینت سموں، منور جتوئی، میر کوسو، سومار چانڈیو سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ جلسے کے دوران کارکنوں نے زوردار نعرے لگائے اور قائد انقلاب سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
0 تبصرے