پرائیویسی کے ساتھ زبردست بیٹری، اس اسمارٹ فون کے بعد چارجنگ کی ٹینشن ختم
ذرا تصور کریں ایک ایسا اسمارٹ فون جسے تقریباً ایک ہفتے تک چارج کرنے کی ضرورت ہی نہ پڑے؟ جی ہاں، واقعی ایک جرمن کمپنی ’پنکٹ‘ نے ایسا اسمارٹ فون MC 03 تیار کیا ہے، جس کی بیٹری لائف دیگر اسمارٹ فونز کے مقابلے میں کہیں بہتر ہے۔
عام طور پر زیادہ تر اسمارٹ فونز کی بیٹری بمشکل ایک یا دو دن ہی چل پاتی ہے، لیکن MC 03 کو بغیر چارج کیے 6 سے 7 دن تک استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ عام اسمارٹ فونز میں کئی ایپس پس منظر (بیک گراؤنڈ) میں فعال رہتی ہیں، جو مسلسل ڈیٹا اور توانائی استعمال کرتی رہتی ہیں۔ تاہم MC 03 میں صارفین کی پرائیویسی کو ترجیح دی گئی ہے اور صارفین خود ایپس کی جانب سے ڈیٹا جمع کرنے کے عمل کو کنٹرول کر سکتے ہیں۔
فون میں ڈیفالٹ طور پر ایپس کو انٹرنیٹ تک رسائی نہیں دی گئی، جس کی وجہ سے بیک گراؤنڈ میں ڈیٹا اکٹھا ہونا ممکن نہیں رہتا۔
کمپنی کے مطابق، اس فون کی بیٹری کسی بھی عام اسمارٹ فون کے مقابلے میں زیادہ دنوں تک کام کرتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ فون کی بیٹری لائف حیران کن ہے اور زیادہ استعمال کی صورت میں بھی 4 سے 5 دن تک چارج کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی، جبکہ عام استعمال میں یہ فون 6 سے 7 دن تک چل سکتا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ اس فون میں کوئی بہت بڑی بیٹری نہیں لگائی گئی بلکہ دیگر فونز جیسی ہی بیٹری موجود ہے۔
یہ فون اوپن سورس اینڈرائیڈ پروجیکٹ پر مبنی آپریٹنگ سسٹم AphyOS پر کام کرتا ہے، جس میں صارفین کی پرائیویسی کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے۔
فون میں 120 ہرٹز OLED ڈسپلے دیا گیا ہے، جبکہ بیٹری کو آسانی سے نکال کر تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے۔ فون کے پچھلے حصے میں تین کیمرے موجود ہیں۔
یہ اسمارٹ فون جلد ہی یورپ میں 700 ڈالر کی قیمت پر فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
0 تبصرے