اپنے بھائی اور والدہ سے کیریئر سمیت ہر معاملے پر مشورے لیتی ہیں
معروف پاکستانی اداکارہ،گلوکار اور خوبصورتی میں اپنی مثال آپ عائشہ عمر جوکسی تعریف کی محتاج نہیں ہیں۔
لیکن عائشہ عمر شادی سے اب تک دور کیوں ہیں؟معروف اداکارہ عائشہ عمر نے حالیہ ایک انٹرویو میں اپنی شادی سے متعلق بات کردی۔ اداکارہ نے کہا کہ ’ابھی مجھے شادی کی طلب نہیں ہوئی ہے اور جب ضرورت ہوگی تو ضرور شادی کروں گی۔’
عائشہ عمر نے ایک نجی یوٹیوب چینل میں انٹرویو دیتے ہوئے شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ہمارے سماج کی سوچ ہے کہ شادی زندگی کو سنوارتی ہے لیکن درحقیقت شادی تو زندگی ختم کردیتی ہے۔ عائشہ عمر کا کہنا تھا کہ انہیں شادی کی تقریبات میں جانے سے کوئی مسئلہ نہیں، جب بھی کوئی انہیں دعوت دے گا وہ ضرور جائیں گی اور جب انہیں ضرورت ہوگی تو وہ بھی شادی کرلیں گی اور سب کو بلائیں گی بھی لیکن اس وقت انہیں اس کی طلب نہیں۔
اداکارہ نے اسی معاملے پر مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں جانتیں کہ ان کی شادی کب ہوگی اور اس حوالے سے خدا ہی بہتر جانتا ہے لیکن فی الحال ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔ اداکارہ کے مطابق لوگ دراصل اس لیے شادی کرتے ہیں کیوں کہ انہیں بچے چاہیے ہوتے ہیں اور انہیں خاندان کو آگے بڑھانا ہوتا ہے لیکن چوں کہ ابھی وہ خود بچی ہیں تو ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔
اداکارہ نے انٹرویو کے دوران اپنے کیریئر اور اپنے حوالے سے سامنے آنے والے تنازعات پر بھی بات کی اور بتایا کہ ماضی میں تھائی لینڈ کے دورے کے دوران ان کی اور اداکارہ ماریہ واسطی کی ذاتی تصاویر کو ماریہ واسطی کے لیپ ٹاپ سے چراکر لیک کیا گیا اور یہ سب کچھ ماریہ کے سابق ملازمین نے ہی ان سے بدلہ لینے کے لیے کیا۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری میں جنسی ہراسانی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک وہ خود کو اتنا بہادر نہیں سمجھتیں کہ وہ ان افراد کا نام لے سکیں جنہوں نے کبھی ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا تھا۔ عائشہ عمر نے میشا شفیع کو بہادر خاتون قرار دیا اور کہا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں بھی بھارتی انڈسٹری کے اداکار الوک ناتھ جیسے بہت سارے لوگ ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ شوبز انڈسٹری میں بھی خواتین کو ہراساں کیا جاتا ہے۔
انہوں نے ملک میں مرد و خواتین ملازمین کی تنخواہوں میں فرق کے معاملے پر بھی بات کی اور کہا کہ خواتین کو مرد حضرات کے مقابلے کم اجرت ملتی ہے، تاہم شوبز انڈسٹری میں بعض مرتبہ خواتین کو مرد اداکاروں سے زیادہ معاوضہ ملتا ہے۔
عائشہ عمر نے انٹرویو کے دوران فیمنزم پر بھی بات کی اور کہا کہ یہ غلط سمجھا جاتا ہے کہ فیمنزم کا مطلب خواتین کی مرد حضرات سے نفرت ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ فیمنزم کا مطلب مرد و خواتین میں برابری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے بھائی اور والدہ سے کیریئر سمیت ہر معاملے پر مشورے لیتی ہیں۔
انٹرویو کے دوران عائشہ عمر نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ایک ایکسیڈنٹ کے دوران ان کی (کالر بون) یعنی گردن کے نیچے والی ہنسلی کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی جو تاحال ٹوٹی ہوئی ہے، جس وجہ سے ان کے دونوں ہاتھوں کے سائز میں بھی فرق ہے اور انہیں تکلیف سے بھی گزرنا پڑتا ہے۔ پروگرام میزبان نے عائشہ عمر سے سوال کیا کہ اگر اتفاق سے دنیا میں کسی آفت کی وجہ سے سب مرد نہ رہیں اور چند ہی مرد رہیں جن میں سے انہیں کسی کے ساتھ شادی کرنی پڑے تو وہ شادی کے لیے کس کو منتخب کریں گی؟
0 تبصرے