کراچی پریس کلب کے انتخابات: جمہوری روایت کی شاندار مثال، جیت اور ہار صحافتی اتحاد کا حصہ ہے؛ سید امتیاز الحق بخاری

کراچی پریس کلب کے انتخابات: جمہوری روایت کی شاندار مثال، جیت اور ہار صحافتی اتحاد کا حصہ ہے؛ سید امتیاز الحق بخاری

کراچی : کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات نہایت خوش اسلوبی، جمہوری ماحول اور بھرپور صحافتی جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئے، جہاں مختلف پینلز کے درمیان سخت مگر مہذب مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ انتخابی عمل نے اس امر کو ثابت کیا کہ کراچی پریس کلب نہ صرف صحافتی آزادی کی علامت ہے بلکہ جمہوری اقدار کا مضبوط استعارہ بھی ہے۔ اس موقع پر بی جی سی گروپ کے چیف ایگزیکٹو، سید امتیاز الحق بخاری نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ “کراچی پریس کلب کے انتخابات میں جیت اور ہار فطری اور جمہوری عمل کا حصہ ہیں۔ جب دو ٹیمیں میدان میں اترتی ہیں تو ایک کو کامیابی اور دوسری کو ہار کا سامنا کرنا پڑتا ہے، مگر اصل کامیابی صحافتی برادری کے اتحاد، وقار اور یکجہتی میں پوشیدہ ہے۔ جو ساتھی اس بار کامیاب نہیں ہو سکے، وہ بھی ہمارے اپنے ہیں، ان کی جدوجہد اور خدمات کسی صورت کم تر نہیں۔” سید امتیاز الحق بخاری نے مزید کہا کہ “انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں نے صحافتی اقدار اور جمہوری روایت کو زندہ رکھا، جو قابلِ تحسین ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ذاتی یا گروہی اختلافات سے بالاتر ہو کر ہم سب مل کر کراچی پریس کلب کو مزید مضبوط اور فعال ادارہ بنائیں، تاکہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل اور حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔” انہوں نے نو منتخب قیادت کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی منتخب باڈی صحافیوں کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ تحفظ اور آزادیٔ اظہار کے فروغ کے لیے عملی اور نتیجہ خیز اقدامات کرے گی، جبکہ انتخابی عمل میں حصہ لینے والے تمام ساتھی کراچی پریس کلب کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔