کراچی میں بین الاقوامی آن لائن فراڈ نیٹ ورک بے نقاب، غیرملکیوں سمیت درجنوں گرفتار

سائبر کرائم کے خلاف بڑی کارروائی میں کراچی سے ایک منظم آن لائن فراڈ نیٹ ورک کا پردہ فاش کر دیا گیا۔

کراچی میں بین الاقوامی آن لائن فراڈ نیٹ ورک بے نقاب، غیرملکیوں سمیت درجنوں گرفتار

کراچی میں سائبر کرائم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک منظم اور بین الاقوامی سطح پر سرگرم آن لائن فراڈ نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق کارروائی کے دوران 15 غیرملکی اور 19 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کیا گیا، جو آن لائن سرمایہ کاری کے نام پر شہریوں کو دھوکہ دینے میں ملوث تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے کرپٹو کرنسی اور فاریکس ٹریڈنگ میں سرمایہ کاری کا لالچ دیتے تھے۔ شہریوں کو جعلی لاگ اِن اور فرضی ڈیش بورڈ دکھا کر اصل سرمایہ کاری پورٹل کا یقین دلایا جاتا، جس کے بعد بڑی رقوم ہتھیالی جاتی تھیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 37 کمپیوٹرز، 40 موبائل فونز، 10 ہزار سے زائد موبائل سمز اور 6 غیرقانونی گیٹ وے ایکسچینجز برآمد کیے گئے، جو فراڈ کے منظم نیٹ ورک کی نشاندہی کرتے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ گرفتاریاں شہر کے پوش علاقوں میں قائم مراکز سے عمل میں آئیں، جبکہ انٹیلی جنس بنیادوں پر مزید بڑے کال سینٹرز کی نشاندہی بھی کی جا چکی ہے۔ تفتیشی ٹیمیں تکنیکی شواہد کی بنیاد پر نیٹ ورک کے دیگر کرداروں تک پہنچنے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر رہی ہیں۔