امریکی شکاری تھامس گیرک نے شاشا تھوسی کمیونٹی مینیجڈ گیم ریزرو میں کشمیر مارخور کے شکار کے لیے ریکارڈ قیمت ادا کی، شکار کی ٹرافی مقامی کمیونٹی کی فلاح پر خرچ ہوگی۔
چترال کے ڈویژنل فارسٹ آفیسر فاروق نبی کے مطابق 75 سالہ امریکی شکاری تھامس گیرک نے کشمیر مارخور کے شکار کا پرمٹ 2 لاکھ 43 ہزار ڈالر (تقریباً 6 کروڑ 80 لاکھ روپے) میں نیلامی کے ذریعے حاصل کیا۔ شکار 250 میٹر کے فاصلے سے کیا گیا اور مارخور کی عمر ساڑھے 13 سال تھی، جبکہ سینگ کا سائز 55 انچ ریکارڈ کیا گیا۔
مارخور کی نسل معدومیت کے خطرے سے دوچار ہے، اور 1990 کی دہائی میں چترال میں اس کی آبادی چند سو رہ گئی تھی۔ محکمہ وائلڈ لائف نے مقامی کمیونٹی کے تعاون سے کنزرویشن اقدامات شروع کیے، جس میں ٹرافی ہنٹنگ کا نظام شامل ہے۔ حاصل شدہ رقم کا 80 فیصد کمیونٹی کی فلاح و بہبود، صحت، صاف پانی اور دیگر ضروریات زندگی پر خرچ کیا جاتا ہے۔
پاکستان میں ٹرافی ہنٹنگ کے پرمٹس چار خیبر پختونخوا، چار گلگت بلتستان اور چار بلوچستان میں جاری کیے جاتے ہیں۔ یہ پرمٹس ہر سال اکتوبر میں اوپن بولی کے ذریعے غیر ملکی شکاریوں کو الاٹ کیے جاتے ہیں۔
فاروق نبی کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ کے ذریعے نہ صرف مارخور کے غیر قانونی شکار کو روکا جاتا ہے بلکہ بڑی عمر کے جانوروں کا شکار کر کے جینیاتی طور پر مضبوط نسل کو محفوظ بنایا جاتا ہے، اور نیلامی سے ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ بھی کمایا جاتا ہے۔
0 تبصرے