"دھرندھر" میں رحمان ڈاکو کا رقص وائرل، اکشے کھنہ چھا گئے

ممبئی (ویب ڈیسک): بالی ووڈ فلم "دھرندھر" کا ایک سین سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں رحمان ڈاکو کا کردار ادا کرنے والے اکشے کھنہ مقامی رقص پیش کر رہے ہیں۔ اکشے کھنہ کا "دھرندھر" رقص والا سین نہ صرف وائرل ہو گیا ہے بلکہ پروڈکشن ٹیم نے اس سین کے پیچھے کی دلچسپ کہانی بھی شیئر کی ہے۔ وائرل ویڈیو میں اکشے کھنہ ایک گاڑی سے اترتے ہیں، ہجوم کو ہاتھ ہلا کر سلام کرتے ہیں اور پھر بغیر کسی تیاری کے روایتی ڈانس شروع کر دیتے ہیں۔ دانش پانڈو، جو فلم میں عزیر بلوچ کا کردار ادا کر رہے ہیں، نے بتایا کہ یہ ڈانس پہلے سے طے شدہ نہیں تھا۔ ان کے مطابق شوٹنگ کے دوران کوریوگرافی جاری تھی کہ اچانک اکشے کھنہ کھڑے ہو گئے اور ہدایتکار آدتیہ دھر سے پوچھا: "کیا میں بھی رقص کر سکتا ہوں؟" جس پر ہدایتکار نے کہا: "جو دل چاہے کرو!" اور اکشے نے رقص شروع کر دیا، جس نے پوری ٹیم کو حیران کر دیا۔ واضح رہے کہ "دھرندھر" ایک جاسوسی اور ایکشن تھرلر فلم ہے، جس میں اکشے کھنہ رحمان ڈاکو کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انٹری سین میں جو موسیقی استعمال ہوئی ہے اس کا نام FA9LA ہے، جو بحرین کے ہپ ہاپ آرٹسٹ فلپراچی نے گایا ہے۔ ڈانس کلپ وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا: "یہ سین ایک بینگ ہے! شاندار شوٹنگ اور کوریوگرافی!" جبکہ کچھ افراد مزاحیہ انداز میں رحمان ڈاکو کے پرانے کلپس کو بھی وائرل ویڈیو کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔