کراچی (رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گل پلازا میں آگ لگنے کے واقعے کے بعد ریسکیو اور امدادی کارروائیاں بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہیں اور صوبائی انتظامیہ کی مکمل مشینری متحرک رہی۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ کے وزیراعلیٰ نے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے کمشنر کراچی کو مکمل اختیار دے دیا ہے، اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوگا کہ آگ کس وجہ سے لگی اور اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ تمام عوامی املاک اور بڑی عمارتوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مؤثر انتظامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سانحات پر سیاست کرنا اور بے بنیاد الزامات لگانا درست نہیں، اور اس نازک لمحے میں سب کو عقل و دانائی سے کام لینا چاہیے۔
انہوں نے تجارتی برادری کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت تاجروں کے نقصان کے معاملے میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انہیں اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔
0 تبصرے