اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ ٹریفک حادثے کا شکار

اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ ٹریفک حادثے کا شکار

ممبئی (ویب ڈیسک) بھارتی سپر اسٹار اکشے کمار اور ان کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ ایئرپورٹ سے گھر واپسی کے دوران ایک غیر معمولی ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ پیر کی شام بیرونِ ملک سے ممبئی واپس پہنچے تھے اور گھر جاتے ہوئے راستے میں ان کی گاڑی اور سیکیورٹی گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔ رپورٹ کے مطابق تیز رفتار مرسڈیز گاڑی کی ٹکر سے ایک رکشا بے قابو ہو کر پہلے اکشے کمار کے سیکیورٹی قافلے سے ٹکرایا اور بعد ازاں اداکار جوڑے کی گاڑی سے جا لگا۔ میڈیا رپورٹس میں عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حادثہ انتہائی خوفناک تھا اور موقع پر شدید افراتفری مچ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں رکشا ڈرائیور اور اس کا مسافر گاڑی کے نیچے دب گئے، تاہم اکشے کمار اور ان کے عملے نے فوری طور پر مدد فراہم کی اور دونوں افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ رپورٹ کے مطابق ممبئی کے جوہو علاقے کے قریب پیش آنے والے اس حادثے میں خوش قسمتی سے تمام افراد محفوظ رہے۔ یاد رہے کہ اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ اپنی شادی کی 25ویں سالگرہ منانے کے لیے بیرونِ ملک گئے تھے، جہاں سے واپسی کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔