گل پلازہ میں آتشزدگی کا سانحہ: جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی، متاثرہ تاجروں کے غم میں برابر کے شریک ہیں: سید امتیاز الحق بخاری

گل پلازہ میں آتشزدگی کا سانحہ: جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی، متاثرہ تاجروں کے غم میں برابر کے شریک ہیں: سید امتیاز الحق بخاری

کراچی (پ ر) بی جی سی گروپ کے چیف ایگزیکٹو سید امتیاز الحق بخاری نے کراچی کے تجارتی مرکز گل پلازہ میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سانحہ نہ صرف تاجروں بلکہ پورے شہر کے لیے ایک بڑا المیہ ہے۔ انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس اندوہناک واقعے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ مرحومین کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ سید امتیاز الحق بخاری نے کہا کہ گل پلازہ کے تاجر برسوں کی محنت سے اپنے کاروبار کو سنبھالے ہوئے تھے، ایک اچانک حادثے نے ان کی جمع پونجی کو شدید نقصان پہنچایا، جس کا درد ہر درد مند دل محسوس کر سکتا ہے۔ بی جی سی گروپ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ تاجروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے حکومتِ وقت، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے پرزور مطالبہ کیا کہ متاثرہ تاجروں کے نقصانات کا فوری، شفاف اور منصفانہ تخمینہ لگا کر انہیں مالی امداد فراہم کی جائے، جبکہ مستقبل میں اس نوعیت کے سانحات کی روک تھام کے لیے فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور تجارتی مراکز میں حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ سید امتیاز الحق بخاری نے کہا کہ ایسے دلخراش واقعات ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتے ہیں کہ انسانی جانوں کا تحفظ ہر چیز سے مقدم ہے، اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت ناقابلِ قبول ہے۔