کراچی پریس کلب میں دو روزہ فلاور شو کا افتتاح، شہر کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور

کراچی کے امیج کو بہتر بنانے کے لیے ایسے اقدامات ناگزیر ہیں،فاضل جمیلی/اسلم خان

کراچی پریس کلب میں دو روزہ فلاور شو کا افتتاح، شہر کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی پریس کلب کے زیر اہتمام اور گلبرگ ٹاؤن کے اشتراک سے موسمِ بہار کی آمد کے موقع پر دو روزہ فلاور شو کی افتتاحی تقریب ہفتہ کو پریس کلب میں منعقد ہوئی۔ فلاور شو کا افتتاح ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ، صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی،نائب صدر ارشاد کھوکھر،سیکرٹری اسلم خان، خازن عمران ایوب،جوائنٹ سیکرٹری فاروق سمیع اور سابق سیکرٹریز رضوان بھٹی اور شعیب احمد نے کیا۔اس موقع پر ممبر گورننگ باڈی عبدالجبار ناصر، شیما صدیقی، فرید عالم، جاوید مہر ، ڈی جی پارکس گلبرگ ٹاؤن ندیم حنیف سمیت سینئر صحافیوں اور پریس کلب کے ممبران کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ کراچی روشنیوں، رنگوں اور زندگی سے بھرپور شہر ہے، مگر بدقسمتی سے اس کا مثبت تشخص پس منظر میں چلا گیا ہے۔ ایسے فلاور شوز اور ثقافتی سرگرمیاں شہر کے خوبصورت چہرے کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں اس نوعیت کی پھولوں کی نمائش صرف پریس کلب تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ شہر کے مختلف علاقوں میں بھی ایسی تقریبات منعقد کی جانی چاہئیں تاکہ عوام فطرت کے حسین رنگوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ پھول محبت، امن اور خوبصورتی کی علامت ہیں۔ کراچی میں اگر اس طرح کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے تو نہ صرف شہریوں کو مثبت تفریح میسر آئے گی بلکہ شہر کا مجموعی ماحول بھی بہتر ہوگا۔ انہوں نے کراچی پریس کلب کی انتظامیہ کو اس شاندار فلاور شو کے انعقاد پر مبارکباد دی۔صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی پریس کلب صرف صحافیوں کا ادارہ ہی نہیں بلکہ ادبی، ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں کا مرکز بھی ہے۔ فلاور شو کے انعقاد کا مقصد صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو ایک خوشگوار اور مثبت ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے امیج کو بہتر بنانے کے لیے ایسے اقدامات ناگزیر ہیں۔آئیں ہم سب مل کر روشنیوں کے اس شہر کو پھولوں، خوشبوؤں اور رنگوں کا شہر بھی بنائیں۔ سیکرٹری کراچی پریس کلب اسلم خان نے کہا کہ پھولوں کی نمائش نے پریس کلب کے ماحول کو خوش رنگ بنا دیا ہے اور اس سے صحافی برادری کو ذہنی سکون اور تازگی حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے تمام معزز مہمانوں، منتظمین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔فلاور شو میں گلِ داؤدی سمیت 100 سے زائد اقسام کے خوبصورت پھول جبکہ پام اور دیگر سجاوٹی پودے نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں، جنہوں نے شرکاء کی خصوصی توجہ حاصل کی۔ رنگ برنگے پھولوں سے سجی یہ نمائش موسمِ بہار کی حقیقی عکاس نظر آئی۔دو روزہ فلاور شو صحافیوں، پریس کلب ممبران اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے منعقد کیا گیا ہے، جس میں بڑی تعداد میں افراد شریک ہو کر قدرت کے حسین رنگوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں- یہ نمائش اتوار کو بھی جاری رہے گی تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں میں پریس کلب کی جانب سے شیلڈز بھی پیش کی گئیں