ترکیہ نے آزاد جموں و کشمیر کے طلبہ کے لیے اسکالرشپس کا اعلان کر دیا

ترکیہ نے آزاد جموں و کشمیر کے طلبہ کے لیے اسکالرشپس کا اعلان کر دیا

مظفرآباد: پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز نے MAGIS 2026-1 (معارف انٹرنس امتحان) کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کر دیا ہے، جو کہ پاکستان بھر کے باصلاحیت اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کے لیے میرٹ پر مبنی داخلہ اور اسکالرشپ پروگرام ہے۔ MAGIS ایک مسابقتی داخلہ امتحان ہے جس کا مقصد مستحق طلبہ کو معیاری تعلیم، مالی معاونت، فیس میں رعایت اور بین الاقوامی تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت کامیاب امیدوار پاک ترک معارف کے مختلف کیمپسز میں داخلہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اسکالرشپ کے مستحق بھی قرار پائیں گے، جبکہ ان کے لیے مستقبل میں عالمی معیار کی یونیورسٹیوں تک تعلیمی پیش رفت کے مواقع بھی موجود ہوں گے۔ ایک بڑی پیشرفت میں پہلی بار کشمیر میں MAGIS کے آغاز کا اعلان کیا گیا ہے، جو خطے کے طلبہ کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ اعلامیے کے مطابق پاک ترک معارف نے آزاد جموں و کشمیر میں اپنی توسیع کے تحت خطے کا پہلا کیمپس پاک ترک معارف انٹرنیشنل اے جے کے مظفرآباد کیمپس بھی قائم کیا ہے، جس سے علاقے میں جدید اور معیاری تعلیم کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق طلبہ جماعت چہارم، پنجم، ششم، ہفتم، ہشتم اور نہم کے علاوہ IGCSE-1 میں داخلے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ پروگرام کے نمایاں فوائد میں میرٹ بیسڈ اسکالرشپس، ٹیوشن فیس میں رعایت، مالی معاونت اور کم داخلہ فیس شامل ہیں۔ مزید برآں، طلبہ کو بین الاقوامی معیار کے تعلیمی نظام سے روشناس کرایا جائے گا، جس میں ترکی زبان سیکھنے کے مواقع بھی شامل ہیں۔ MAGIS نے ملکی سطح پر نمایاں شہرت حاصل کی ہے اور اب تک 25,000 سے زائد طلبہ اس امتحان میں حصہ لے چکے ہیں، جو پروگرام پر والدین اور طلبہ کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ ہر سال 5,000 سے زائد طلبہ کی شرکت کے ساتھ MAGIS ملک کے نمایاں تعلیمی اسکالرشپ پروگرامز میں شمار ہوتا ہے، جو تعلیمی برتری، قیادت اور معیاری تعلیم تک مساوی رسائی کو فروغ دیتا ہے۔ MAGIS 2026-1 کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 5 فروری 2026 ہے، جبکہ داخلہ امتحان 15 فروری 2026 کو منعقد ہوگا۔ نتائج کا اعلان 26 فروری 2026 کو کیا جائے گا۔ امتحان میں کامیاب امیدواروں کو اگلے مرحلے میں انٹرویو کے لیے طلب کیا جائے گا۔ MAGIS پاکستان کے 10 بڑے شہروں میں منعقد کیا جاتا ہے تاکہ جغرافیائی حدود سے بالاتر ہو کر طلبہ کو مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ طلبہ اور والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آن لائن رجسٹریشن مکمل کر کے روشن تعلیمی مستقبل کی جانب پہلا قدم اٹھائیں۔