کراچی (ویب ڈیسک) کراچی کے مصروف ترین علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازا میں لگنے والی شدید آگ پر کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود مکمل طور پر قابو نہ پایا جا سکا، افسوسناک واقعے میں ایک فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ہفتے کی رات تقریباً ساڑھے دس بجے گل پلازا کے گراؤنڈ فلور پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تیسری منزل تک پھیل کر پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ شاپنگ پلازا میں موجود دکانوں اور سامان کو شدید نقصان پہنچا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمارت میں گیس لیکیج کے باعث زور دار دھماکا ہوا، جس کے بعد آگ تیزی سے پھیل گئی۔ آگ کے نتیجے میں گراؤنڈ فلور سمیت متعدد منزلوں پر قائم دکانیں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئیں۔ گل پلازا میں ایک ہزار 200 سے زائد دکانیں قائم تھیں، جس کے باعث مالی نقصان کا تخمینہ اربوں روپے میں لگایا جا رہا ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کے لیے 20 فائر ٹینڈرز اور 4 اسنارکلز استعمال کیے جا رہے ہیں، جبکہ پانی اور فوم کے ذریعے آگ پر قابو پانے کی مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ اس کے علاوہ پاک بحریہ کے فائر ٹینڈرز بھی ریسکیو آپریشن میں شامل ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق آگ بجھانے کے دوران ایک فائر فائٹر سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 20 سے زائد زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
0 تبصرے