سڈنی (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی لیگ بگ بیش میں سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی اسٹار بابر اعظم، اوور کی آخری گیند پر ساتھی بیٹر اسٹیو اسمتھ کی جانب سے سنگل لینے سے انکار پر شدید ناراض نظر آئے۔
جمعے کے روز بگ بیش لیگ کے دوران بابر اعظم اس وقت واضح طور پر غصے میں دکھائی دیے، جب ان کے بیٹنگ پارٹنر اسٹیو اسمتھ نے سڈنی تھنڈر کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے اوور کی آخری گیند پر بابر کے کھیلے گئے شاٹ پر سنگل لینے سے انکار کر دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڈنی سکسرز کی اننگز کے 11ویں اوور کی آخری گیند پر بابر اعظم نے شاٹ کھیلا، تاہم اسٹیو اسمتھ نے سنگل نہ لینے کا فیصلہ کیا تاکہ وہ اگلے اوور میں خود اسٹرائیک حاصل کر سکیں۔
بابر اعظم 11ویں اوور میں لگاتار تین ڈاٹ بالز کھیل چکے تھے اور آخری گیند پر سنگل لے کر اگلے اوور میں دوبارہ اسٹرائیک حاصل کرنا چاہتے تھے۔
اسٹیو اسمتھ کی جانب سے سنگل نہ لینے پر بابر اعظم نے مایوسی کا اظہار کیا، تاہم اگلے ہی اوور میں اسمتھ نے 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 32 رنز بنا کر بڑھتے ہوئے رن ریٹ کا دباؤ کم کر دیا۔
اسٹیو اسمتھ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 42 گیندوں پر سنچری مکمل کی، جبکہ بابر اعظم 39 گیندوں پر 47 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
یوں سڈنی سکسرز نے سڈنی تھنڈرز کی جانب سے دیا گیا 190 رنز کا ہدف باآسانی 18ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بگ بیش لیگ میں میلبرن رینیگیڈز کے کپتان نے سست بیٹنگ پر محمد رضوان کو ”ریٹائرڈ آؤٹ“ قرار دے کر میدان سے باہر بلا لیا تھا۔
0 تبصرے