اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افغان طالبان اور ٹی ٹی پی کے درمیان گٹھ جوڑ کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
قومی پیغامِ امن کمیٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کا ناسور ایک بار پھر سر اٹھا رہا ہے، ہم 2018ء کی طرح دہشت گردی کو دوبارہ کچل دیں گے، دہشت گردوں کو پاکستان کی سرحدوں سے اٹھا کر بحرِ ہند میں غرق کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ افغان طالبان اور ٹی ٹی پی کے گٹھ جوڑ کے واضح ثبوت موجود ہیں اور دشمن کی جانب سے انہیں ہر قسم کے وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تمام مکاتبِ فکر کے علما کا یہاں موجود ہونا خوش آئند ہے، قومی یکجہتی کی آج جتنی ضرورت ہے شاید پہلے کبھی نہیں تھی، مسائل کے حل کے لیے مل بیٹھ کر فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔
0 تبصرے