آسام (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست آسام سے تعلق رکھنے والے معروف گلوکار زوبین گارگ کی موت سے متعلق نئے انکشافات سامنے آئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ زوبین کی موت اسکوبا ڈائیونگ کے باعث نہیں ہوئی بلکہ سنگاپور کے جزیرے لازارس کے قریب تیرتے ہوئے ان کی سانس اچانک بند ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق اس سے قبل سامنے آنے والی اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ گلوکار کی موت اسکوبا ڈائیونگ کے دوران پیش آئی۔
واضح رہے کہ زوبین گارگ کی موت کا واقعہ گزشتہ سال 19 ستمبر کو سنگاپور میں پیش آیا تھا۔ بدھ کے روز سماعت کے دوران سنگاپور کے حکام نے عدالت کو بتایا کہ واقعے کے وقت زوبین نشے کی حالت میں تھے۔
مختلف عینی شاہدین کے مطابق گلوکار کو کشتی کی جانب واپس تیرتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد وہ بے ہوشی کی حالت میں الٹا تیرتے رہے۔ ریسکیو کیے جانے کے بعد انہیں سی پی آر دی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ زوبین ماضی میں ہائی بلڈ پریشر اور مرگی کے مرض میں مبتلا رہے تھے، اور انہیں آخری دورہ 2024 میں پڑا تھا۔
سنگاپور پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کی موت کے پیچھے کسی قسم کا سازشی عنصر سامنے نہیں آیا۔
0 تبصرے