کراچی: جے ایس اسکول میں تعلیم کے ساتھ تخلیق، تحقیق اور فنونِ لطیفہ کی آبیاری

کراچی: جے ایس اسکول میں سائنس اینڈ آرٹس نمائش کے سلسلے میں ایک نہایت پروقار اور بامقصد تقریب کا انعقاد

کراچی: جے ایس اسکول میں تعلیم کے ساتھ تخلیق، تحقیق اور فنونِ لطیفہ کی آبیاری

کراچی: جے ایس اسکول میں سائنس اینڈ آرٹس نمائش کے سلسلے میں ایک نہایت پروقار اور بامقصد تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات نے اپنی خداداد تخلیقی اور سائنسی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ نمائش میں پیش کیے گئے مختلف سائنسی ماڈلز، تخلیقی آرٹس پروجیکٹس اور تحقیقی خاکوں نے شرکاء، والدین اور مہمانانِ گرامی کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسکول کے ایڈمنسٹریٹر محمد عثمان نے کہا کہ اس نوعیت کے تعلیمی اور تخلیقی پروگرام بچوں کی ذہنی نشوونما، فکری بالیدگی اور سیکھنے کے عمل کو مزید مؤثر بناتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے مواقع بچوں کو تحقیق، تجسس اور اختراعی سوچ کی جانب راغب کرتے ہیں۔ اس موقع پر جے ایس اسکول کے چیف ایگزیکٹو محمد جاوید صاحب نے اپنے بیان میں کہا کہ جے ایس اسکول میں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی ہمہ جہت تربیت کو اولین ترجیح دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد طلبہ کو نہ صرف نصابی علم سے آراستہ کرنا ہے بلکہ انہیں تخلیقی، سائنسی اور عملی میدان میں بھی آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں ایک باصلاحیت اور ذمہ دار شہری بن سکیں۔ تقریب میں شریک والدین نے اسکول انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سائنس اور آرٹس نمائش جیسے پروگرام بچوں میں خود اعتمادی، اظہارِ خیال اور عملی سیکھنے کی صلاحیت کو فروغ دیتے ہیں، جو ان کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔