عثمان عباسی فاؤنڈیشن اور کھانا گھر کے درمیان فلاحی تعاون پر مشاورتی ملاقات

عثمان عباسی فاؤنڈیشن اور کھانا گھر کے درمیان فلاحی تعاون پر مشاورتی ملاقات

کراچی: (پ ر ) عثمان عباسی فاؤنڈیشن کے چیئرمین ایڈووکیٹ عثمان عباسی نے بانیٔ کھانا گھر باجی پروین سے ملاقات کی، جس میں سردی کے بڑھتے ہوئے موسم کے پیشِ نظر غریب اور مستحق افراد تک بروقت امداد پہنچانے کے حوالے سے تفصیلی اور اہم تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ایڈووکیٹ عثمان عباسی نے کھانا گھر کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھانا گھر عوام میں ایک مقبول، قابلِ اعتماد اور مؤثر فلاحی ادارہ ہے جو طویل عرصے سے نادار اور مستحق افراد کی بلاامتیاز خدمت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان عباسی فاؤنڈیشن اور کھانا گھر کا مقصد اور مشن یکساں ہے، جس کا محور انسانیت کی خدمت اور ضرورت مند طبقے کی مشکلات میں عملی کمی لانا ہے۔ ایڈووکیٹ عثمان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ سردی کے موسم میں غریب اور بے سہارا افراد کو اضافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایسے میں فلاحی اداروں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں۔ اسی جذبۂ خدمت کے تحت عثمان عباسی فاؤنڈیشن دیگر فلاحی تنظیموں کے ساتھ مل کر مستحقین تک امداد کی فراہمی کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ اس موقع پر بانیٔ کھانا گھر باجی پروین نے ایڈووکیٹ عثمان عباسی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عثمان عباسی فاؤنڈیشن کے فلاحی و امدادی اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے مزید مستحق خاندانوں کی مدد ممکن بنائی جا سکے گی اور خدمتِ خلق کے دائرۂ کار کو مزید وسعت دی جائے گی۔